Baaghi TV

فروری 2024 سے اب تک کی کارکردگی وزارتیں جمع کروائیں،وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی کا جامع جائزہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیراعظم آفس سے تمام وفاقی وزارتوں کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے، جس میں مخصوص فارم پر تفصیلی کارکردگی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے کے مطابق تمام وزارتوں کو فروری 2024 سے اب تک کیے گئے اہم اقدامات، حاصل کردہ اہداف اور مجموعی کارکردگی کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ اس کے علاوہ عوامی خدمات میں بہتری، گورننس اصلاحات اور مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے متعلق مکمل معلومات بھی رپورٹ کا حصہ ہوں گی۔ذرائع کے مطابق جائزے کے عمل میں معیشت اور مالیات سے متعلق 18 وزارتوں، قانون، سیکیورٹی اور انتظامی امور سے وابستہ 14 وزارتوں جبکہ سماجی خدمات، صحت اور تعلیم سمیت 9 وزارتوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔وزیراعظم آفس نے وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ ہر منصوبے کے اہداف، حاصل شدہ نتائج اور تکمیل کی تاریخ واضح طور پر درج کی جائے۔ اس کے ساتھ زیر التوا منصوبوں، تاخیر کی وجوہات اور درپیش رکاوٹوں کی مکمل تفصیلات بھی فراہم کرنا لازمی ہوں گی۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کارکردگی رپورٹ میں کیے گئے ہر دعوے کے ساتھ لازمی دستاویزی ثبوت یا دیگر قابلِ تصدیق شواہد فراہم کیے جائیں، جبکہ بغیر ثبوت دعووں اور نامکمل رپورٹس کو قابل قبول نہیں سمجھا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اس جائزہ عمل کے دوران ترقیاتی فنڈز کے استعمال، منصوبوں کے نتائج، سی پیک اتھارٹی، پلاننگ کمیشن، سالانہ ترقیاتی پروگرام (PSDP) اور معاشی پالیسیوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔اس کے علاوہ قومی مردم شماری، اعداد و شمار کے نظام میں بہتری، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں اور وزیراعظم کے خصوصی اقدامات کے نتائج کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ حکومتی کارکردگی کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔

More posts