Baaghi TV

فیروزوالہ، سیلابی پانی سے نکلنے والا مگر مچھ شہریوں نے پکڑ لیا

فیروزوالہ: کوٹ عبدالمالک کے علاقے مسن گاؤں کے قریب سیلابی پانی سے ایک مگر مچھ نکل آنے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

مقامی افراد کے مطابق مگر مچھ کی اطلاع ملتے ہی گاؤں کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے نالہ ڈیک میں جال ڈال کر اسے پکڑ لیا۔ بعد ازاں دیہاتیوں نے مگر مچھ کو رسی سے باندھ دیا تاکہ وہ دوبارہ پانی میں نہ جا سکے اور کسی کو نقصان نہ پہنچائے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، تاہم گاؤں کے لوگوں نے مگر مچھ پولیس کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔پولیس نے صورتحال سے محکمہ وائلڈ لائف کو آگاہ کر دیا ہے تاکہ مگر مچھ کو محفوظ طریقے سے اپنی تحویل میں لے کر مناسب مقام پر منتقل کیا جا سکے۔

علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سیلابی پانی کے باعث جنگلی جانوروں کی آبادیوں میں داخلے کے خطرات کے پیش نظر متعلقہ ادارے فوری اقدامات کریں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

More posts