Baaghi TV

آبنائے ہرمز میں مال بردار جہاز پرنامعلوم میزائل کا نشانہ

آبنائے ہرمز میں عمان کے ساحل کے قریب ایک مال بردار جہاز کو نامعلوم میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے بعد متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برطانیہ کے بحری تجارتی نگرانی کے ادارے یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ متاثرہ جہاز نے اطلاع دی کہ اسے ایک ’نامعلوم پروجیکٹائل‘ آ کر لگا، واقعہ عمان کے شہر الخصب سے تقریباً 20 ناٹیکل میل (تقریباً 37 کلومیٹر) شمال مشرق میں پیش آیا۔

برطانوی بحری ادارے نے متاثرہ جہاز کا نام ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی فوری طور پر یہ بتایا کہ حملے سے جہاز کو کتنا نقصان پہنچا یا کوئی جانی نقصان ہوا ہے یا نہیں،متعلقہ حکام واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ حملے کی نوعیت، استعمال ہونے والے پروجیکٹائل اور ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جا سکے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب آبنائے ہرمز اور خلیج کے دیگر سمندری راستوں میں سیکیورٹی صورتحال پر عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے، حالیہ ہفتوں کے دوران خطے میں کئی بحری واقعات اور فوجی کشیدگی کے باعث بین الاقوامی جہاز رانی پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

More posts