پریذائیڈنگ آفیسر کی جانب سے خود بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگانے کا عمل جاری، پیپلز پارٹی کی فوری معطلی اور کارروائی کا مطالبہ
مظفرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر الیکشن سیل نے حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد-I (کوٹلہ) کے پولنگ اسٹیشن نمبر 92، منڈل، ٹاؤن کمیٹی پٹکہ سے متعلق چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو ہنگامی شکایت ارسال کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ پولنگ اسٹیشن کا پریذائیڈنگ آفیسر خود بیلٹ پیپرز پر غیرقانونی طور پر ٹھپے لگا رہا ہے اور جعلی ووٹنگ کے عمل میں براہ راست ملوث ہے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ حلقے سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق یہ غیرقانونی عمل کسی سیاسی کارکن کی جانب سے نہیں بلکہ اسی پریذائیڈنگ آفیسر کی جانب سے کیا جا رہا ہے، جس کی تحویل میں بیلٹ باکس، بیلٹ پیپرز اور پولنگ کا سرکاری ریکارڈ موجود ہے۔ پیپلز پارٹی کے مطابق شکایت درج ہونے کے وقت بھی یہ عمل جاری تھا۔پیپلز پارٹی نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ یہ معاملہ عام انتخابی مداخلت سے کہیں زیادہ سنگین ہے، کیونکہ پولنگ اسٹیشن پر تعینات وہی افسر، جو الیکشن کمیشن کا نمائندہ اور پولنگ ریکارڈ کا واحد نگران ہے، خود انتخابی عمل کو متاثر کر رہا ہے۔ پارٹی کے مطابق ایسی صورتحال میں پولنگ اسٹیشن نمبر 92 سے متعلق ووٹوں کی گنتی، بیلٹ اکاؤنٹ اور پولنگ اسٹیٹمنٹ سمیت کسی بھی سرکاری ریکارڈ پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ پریذائیڈنگ آفیسر کا یہ عمل آزاد جموں و کشمیر الیکشن ایکٹ 2020 کے تحت بدعنوان اور غیرقانونی انتخابی عمل کے ساتھ ساتھ ایک سرکاری ملازم کی جانب سے اپنے فرائض کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔
پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن نمبر 92 کے پریذائیڈنگ آفیسر کو فوری طور پر معطل کرکے پولنگ اسٹیشن سے ہٹایا جائے، اس کی جگہ غیرجانبدار افسر تعینات کیا جائے اور فوری کارروائی کی جائے تاکہ انتخابی ریکارڈ میں مزید ردوبدل نہ ہو سکے۔یہ شکایت پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر الیکشن سیل کے انچارج عبدالشکور کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو ارسال کی گئی، جبکہ اس کی نقول متعلقہ ریٹرننگ آفیسر، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر مظفرآباد اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مظفرآباد کو بھی بھجوائی گئی ہیں
