پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل استعداد اور عملی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے پاک فوج کے زیر اہتمام خصوصی مشترکہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس اہلکاروں اور کمانڈوز نے بھرپور شرکت کی۔
تربیتی پروگرام کے دوران پولیس اہلکاروں اور کمانڈوز کو جدید جنگی حکمت عملی، سیکیورٹی ڈرلز اور انسداد دہشت گردی سے متعلق عملی مشقیں کرائی گئیں تاکہ انہیں بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے قابل بنایا جا سکے۔تربیت کے دوران پاک فوج کے ماہر انسٹرکٹرز نے پولیس اہلکاروں کو جدید پیشہ ورانہ تقاضوں کے مطابق لیکچرز بھی دیے۔ کلاسز میں جدید ہتھیاروں کے محفوظ اور مؤثر استعمال، فائرنگ کی مختلف پوزیشنز، ہتھیار سنبھالنے کی تکنیک، فیلڈ کرافٹ اور دیگر آپریشنل مہارتوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔مشترکہ تربیت کا مقصد پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا، پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کرنا اور امن و امان کی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اہلکاروں کی استعداد کار کو بہتر بنانا تھا۔
تربیتی پروگرام کے اختتام پر اعلیٰ عسکری اور پولیس حکام نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی پیشہ ورانہ لگن اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی مشترکہ تربیت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ فورسز کی استعداد اور باہمی ہم آہنگی میں مزید اضافہ ہو سکے۔
