Baaghi TV


سابق ایم پی اے سعدیہ سہیل کی گاڑی پر حملہ، تین ملزمان گرفتار

‎لاہور میں سابق رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل کی گاڑی پر حملہ کرنے والے تین ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
‎پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو خصوصی ٹاسک سونپا تھا، جس کے بعد تھانہ گارڈن ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حملے میں ملوث تینوں افراد کو گرفتار کر لیا۔
‎ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق یہ واقعہ دو روز قبل مین بلیوارڈ برکت مارکیٹ کے سامنے پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزمان موٹر سائیکل پر ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مخالف سمت سے آ رہے تھے۔ اسی دوران سعدیہ سہیل کی گاڑی ان کے قریب سے گزری، جس پر ملزمان مشتعل ہو گئے۔
‎پولیس کے مطابق غصے میں آ کر ملزمان نے ہیلمٹ اور پتھروں سے گاڑی پر حملہ کر دیا، جس کے باعث گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے اور گاڑی کو نقصان پہنچا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے شواہد اکٹھے کیے اور ملزمان کی شناخت کے بعد انہیں گرفتار کر لیا۔
‎گرفتار افراد کی شناخت دانیال، جلال اور سلطان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے اور قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔
‎ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بروقت کارروائی پر ایس ایچ او گارڈن ٹاؤن اور پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
‎پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور کسی بھی تنازع کی صورت میں قانون اپنے ہاتھ میں لینے کے بجائے متعلقہ اداروں سے رجوع کریں۔

More posts