Baaghi TV

بیوی کو صرف کچن تک محدود نہ رکھیں، اسے خودمختار بنائیں، احسن خان

ahsan khann

پاکستان کے معروف اداکار احسن خان نے مردوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی بیویوں کو صرف گھریلو ذمہ داریوں تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں خودمختار اور کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران احسن خان نے کہا کہ اگر ایک مرد زندگی میں کامیابی حاصل کر رہا ہے تو اسے چاہیے کہ اپنی شریکِ حیات کو بھی ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرے تاکہ وہ بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکے۔انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ ایک عورت صرف بچوں کی پرورش، گھر کے کام کاج اور سسرالیوں کی خدمت تک محدود ہو جائے۔ ان کے مطابق اگر کوئی خاتون پوری زندگی ایک ہی دائرے میں الجھ کر رہ جائے تو اس کی ذمہ داری بڑی حد تک شوہر پر عائد ہوتی ہے۔اداکار کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اپنے خاندان میں یہ بات کرتے ہیں کہ اگر آپ آگے بڑھ رہے ہیں تو اپنی بیوی کا ہاتھ پکڑ کر اسے بھی ساتھ لے کر چلیں۔ انہوں نے کہا کہ بیوی کو ایسی صورتحال میں نہ چھوڑیں کہ اس کی پوری زندگی صرف کچن اور بچوں کی ذمہ داریوں تک محدود ہو جائے، بلکہ اسے اپنی شناخت بنانے اور آگے بڑھنے کے مواقع بھی ملنے چاہئیں۔

احسن خان نے مردوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنی بیویوں کو تعلیم، ہنر اور اعتماد حاصل کرنے کے مواقع دیں۔ اگر وہ کم تعلیم یافتہ ہیں تو انہیں مزید تعلیم دلوائیں اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد کریں۔اپنی ذاتی زندگی کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ کو بیکنگ کا شوق تھا، جس میں انہوں نے ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی اہلیہ کو مزید کورسز کرنے کی ترغیب دی اور بچوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری خود سنبھالی تاکہ وہ اپنی دلچسپی کے شعبے میں آگے بڑھ سکیں۔احسن خان نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کو ڈرائیونگ بھی سکھائی اور انہیں خود گاڑی چلا کر باہر جانے کی ترغیب دی تاکہ ان میں خود اعتمادی پیدا ہو اور وہ اپنی زندگی کے فیصلے خود کرنے کے قابل بن سکیں۔

More posts