Baaghi TV


اڈیالہ جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھنے کی تردید کردی

imran pti

‎راولپنڈی کی اڈیالہ جیل انتظامیہ نے بانی پاکستان تحریک انصاف کو قید تنہائی میں رکھنے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں جیل میں قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کے ساتھ کسی بھی قسم کا امتیازی یا غیر مساوی سلوک نہیں کیا جا رہا۔
‎بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل میں قید کے تین سال مکمل ہونے کے موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ قید تنہائی کا نظام تقریباً ختم کیا جا چکا ہے اور موجودہ جیل انتظامیہ کے تحت اس طریقہ کار پر عمل نہیں کیا جا رہا۔
‎رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو جیل قوانین کے تحت بیٹر کلاس قیدی کا درجہ حاصل ہے، جس کی بنیاد پر انہیں بعض اضافی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ کسی دوسرے قیدی کے مقابلے میں امتیازی سلوک نہیں کیا گیا بلکہ تمام انتظامات قانونی تقاضوں کے مطابق کیے گئے ہیں۔
‎جیل انتظامیہ نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سابق وزیراعظم اور ایک بڑی سیاسی جماعت کے قائد رہ چکے ہیں، اسی لیے ان کی سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے، نہ کہ انہیں قید تنہائی میں رکھنا۔
‎رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر عام قیدیوں کو بانی پی ٹی آئی کے رہائشی حصے تک رسائی کی اجازت نہیں دی جاتی۔ اس انتظام کا مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور جیل کے اندر امن و امان برقرار رکھنا ہے۔

More posts