Baaghi TV


ڈسکوز کی نجکاری میں صارفین کے مفاد کو اولین ترجیح دی جائے، وزیراعظم شہباز شریف

ss

‎اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری اور پرائیویٹائزیشن کمیشن کی اصلاحاتی تنظیم نو سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں نجکاری کے عمل کو شفاف، بروقت اور صارف دوست بنانے پر زور دیا گیا۔
‎وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈسکوز کی نجکاری کے دوران صارفین کے مفاد کو ہر صورت اولین ترجیح دی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ نجکاری کے بعد بھی عوام کو معیاری خدمات، مؤثر شکایتی نظام اور بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں نجکاری کے تحت چلنے والے اداروں میں صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے جامع اور مؤثر انتظامی ڈھانچہ قائم کیا جائے۔
‎شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ نجکاری کے عمل میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے مؤثر اور جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے تمام مراحل بین الاقوامی معیار اور شفاف طریقہ کار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
‎وزیراعظم نے مزید ہدایت دی کہ پرائیویٹائزیشن کمیشن میں جاری ادارہ جاتی اصلاحات اور تنظیم نو کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن میں عالمی معیار کے مالیاتی، قانونی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین کو شامل کیا جائے تاکہ ادارے کی استعداد کار میں اضافہ ہو اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
‎اجلاس میں وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور اس مقصد کے لیے تجربہ کار اور پیشہ ور کنسلٹنٹس کی سفارشات کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قانونی تقاضوں اور مالیاتی ریگولیٹری فریم ورک کی بروقت تکمیل کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ نجکاری کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
‎اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو)، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے لیے سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے کی غرض سے اندرون اور بیرون ملک روڈ شوز کامیابی سے مکمل کیے جا چکے ہیں۔

More posts