Baaghi TV

‎26 سالہ شاندار کیریئر کے بعد بروک لیسنر نے ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

‎ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے تاریخ ساز سپر اسٹار اور متعدد بار عالمی چیمپئن رہنے والے بروک لیسنر نے 26 سالہ شاندار پیشہ ورانہ کیریئر کے بعد ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ان کے فیصلے نے دنیا بھر میں موجود کروڑوں ریسلنگ مداحوں کو جذباتی کر دیا ہے۔
‎بروک لیسنر نے اپنے کیریئر کا آخری مقابلہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے سال کے دوسرے بڑے ایونٹ سمر سلیم میں نائجیریا سے تعلق رکھنے والے ابھرتے ہوئے ریسلر اوبا فیمی کے خلاف کھیلا۔ دونوں سپر اسٹارز کے درمیان مشہور ہیل اِن اے سیل میچ انتہائی سخت اور سنسنی خیز ثابت ہوا، جس میں اوبا فیمی نے بروک لیسنر کو شکست دے کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔
‎یہ مقابلہ اس لیے بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل تھا کہ بروک لیسنر اپنے پورے کیریئر میں اس طرز کے میچ میں کبھی شکست نہیں کھائے تھے۔ فولادی پنجرے کے اندر ہونے والے اس تاریخی مقابلے میں دونوں ریسلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم آخر میں نوجوان اسٹار اوبا فیمی کامیاب رہے۔
‎میچ کے اختتام پر منظر انتہائی جذباتی تھا۔ بروک لیسنر نے اوبا فیمی کا ہاتھ بلند کرتے ہوئے انہیں ڈبلیو ڈبلیو ای کا مستقبل قرار دیا، جبکہ خود کو اس عظیم ادارے کا ماضی کہا۔ میدان میں موجود ہزاروں شائقین نے کھڑے ہو کر لیجنڈری ریسلر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ اوبا فیمی بھی اس موقع پر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔
‎بعد ازاں معروف پروگرام دی پیٹ میکافی شو میں گفتگو کرتے ہوئے بروک لیسنر نے اپنی ریٹائرمنٹ کی باضابطہ تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دنیا بھر کے اپنے مداحوں کو دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور اب ان کا پیشہ ورانہ ریسلنگ کا سفر اختتام پذیر ہو چکا ہے۔
‎بروک لیسنر نے اپنے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ساؤتھ ڈکوٹا کے ایک فارم ہاؤس میں پرورش پانے والے ایک عام لڑکے تھے، جس کے دل میں بڑے خواب اور خود کو ثابت کرنے کا جذبہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ مداحوں کی محبت اور احترام ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز رہا ہے اور وہ اس پر ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔
‎انہوں نے اپنے فیصلے پر آخری مہر لگاتے ہوئے کہا کہ سمر سلیم میں ہونے والا مقابلہ ان کے کیریئر کا آخری میچ تھا اور اب وہ ریسلنگ سمیت ہر قسم کی پیشہ ورانہ کھیلوں کی سرگرمیوں سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ بروک لیسنر کا شمار ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کے کامیاب ترین سپر اسٹارز میں ہوتا ہے، جنہوں نے دو دہائیوں سے زائد عرصے تک اپنی طاقت، مہارت اور منفرد شخصیت کے ذریعے ریسلنگ کی دنیا پر راج کیا۔

More posts