پشاور: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) پشاور نے سالانہ میٹرک امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا، جن میں اسلامیات کے مضمون میں طلبہ کی بڑی تعداد کے ناکام ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
اعلان کردہ نتائج کے مطابق نویں اور دسویں جماعت میں سب سے زیادہ طلبہ اسلامیات کے مضمون میں ناکام ہوئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 10 ہزار طلبہ اسلامیات میں کامیابی حاصل نہ کر سکے، جس کے بعد تعلیمی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔بورڈ کے مطابق نویں جماعت کے امتحانات میں 97 ہزار 950 طلبہ نے شرکت کی، جن میں سے 57 ہزار 847 طلبہ کامیاب ہو کر دسویں جماعت میں پروموٹ ہوئے، جبکہ باقی طلبہ مختلف مضامین میں ناکامی کے باعث اگلی جماعت میں ترقی حاصل نہ کر سکے۔نتائج میں اسلامیات جیسے لازمی مضمون میں غیر معمولی تعداد میں طلبہ کی ناکامی نے والدین، اساتذہ اور ماہرین تعلیم کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔ تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کی وجوہات کا جائزہ لینا ضروری ہے تاکہ آئندہ طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔
