وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر سرکاری دورے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے ہیں۔ اس دورے کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوگی۔ دونوں رہنما پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے کے ساتھ ساتھ خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری، اقتصادی شراکت داری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو متوقع ہے۔ حالیہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں امن، استحکام اور مشترکہ حکمت عملی سے متعلق امور بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔
وزیراعظم اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ پر حاضری دے کر روضۂ رسول ﷺ پر سلام پیش کریں گے۔
حکومت کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط اعتماد، برادرانہ تعلقات اور قریبی تعاون کا مظہر ہے۔ توقع ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر ہم آہنگی کو مزید فروغ ملے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ
