امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ کیا جائے، بصورت دیگر ملک بھر میں عوامی احتجاج کو مزید وسعت دی جائے گی۔
ویڈیو بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کو عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کے لیے پیٹرول سستا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو عوامی طاقت کے ذریعے حکمرانوں کو اپنے فیصلوں پر نظرثانی پر مجبور کیا جائے گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا، بلوچستان سمیت پورے ملک میں 510 مقامات پر پرامن احتجاج کا اہتمام کیا گیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ احتجاجی تحریک کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہو رہی ہے اور مہنگائی سے تنگ شہری بڑی تعداد میں اس میں شریک ہونے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ پرامن مظاہرین کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے، بصورت دیگر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی پرامن مزاحمت کی نئی مثال قائم کرے گی۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے ساتھ احتجاج میں بھرپور حصہ لیں اور عوامی آواز کو مؤثر انداز میں بلند کریں۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے بھی احتجاجی حکمت عملی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں شام چار بجے مختلف شاہراہوں سے احتجاجی قافلے روانہ ہوں گے، جو مزار قائد پر جمع ہونے کے بعد شارع فیصل کی جانب مارچ کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج کے دوران صرف ایمبولینسوں کو راستہ دیا جائے گا، جبکہ پیٹرولیم لیوی واپس لینے تک احتجاج جاری رکھنے کا عندیہ بھی دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عوام متحد ہو جائیں تو اپنے آئینی اور معاشی حقوق حاصل کر سکتے ہیں۔
پیٹرول سستا اور پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے: حافظ نعیم الرحمان
