امریکا: امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں اپنی شادی کی رات نوبیاہتا دلہن کو گاڑی تلے کچل کر ہلاک کرنے کے مقدمے میں سزا یافتہ خاتون کی گرفتاری کے بعد پولیس اسٹیشن کے اندر کی ویڈیو منظر عام پر آگئی، جس میں وہ بار بار اپنے والد سے بات کرنے کی اجازت مانگتی دکھائی دیتی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو 2023 میں پیش آنے والے ہولناک حادثے کے بعد ریکارڈ کی گئی تھی۔ ویڈیو میں سزا یافتہ خاتون جیمی کوموروسکی پولیس افسر سے کہتی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے والد کو فون کرنا چاہتی ہے اور اسے یہ حق حاصل ہے۔
یہ افسوسناک حادثہ 28 اپریل 2023 کو جنوبی کیرولائنا کے علاقے فولی بیچ میں پیش آیا، جہاں جیمی کوموروسکی نے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے ایک گالف کارٹ کو ٹکر مار دی۔ اس گالف کارٹ میں اپنی شادی کی تقریب سے رخصت ہونے والا نوبیاہتا جوڑا اور ان کے اہل خانہ سوار تھے۔
حادثے کے نتیجے میں 34 سالہ دلہن سمانتھا ملر موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی، جبکہ اس کے شوہر ایرک ہچنسن اور دو دیگر افراد شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کی تحقیقات کے مطابق جیمی کوموروسکی کے خون میں الکحل کی مقدار قانونی حد سے کہیں زیادہ تھی۔ مزید یہ کہ وہ 25 میل فی گھنٹہ کی رفتار کی حد والے علاقے میں تقریباً 65 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہی تھی، جس کے باعث یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
عدالتی کارروائی کے بعد جیمی کوموروسکی کو خطرناک ڈرائیونگ، نشے کی حالت میں گاڑی چلانے اور ایک شخص کی ہلاکت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے طویل قید کی سزا سنائی گئی۔ حال ہی میں جاری ہونے والی پولیس اسٹیشن کی ویڈیو نے ایک بار پھر اس مقدمے کو عوامی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔
شادی کی رات دلہن کو گاڑی تلے کچلنے والی خاتون کی پولیس اسٹیشن کی ویڈیو منظر عام پر
