ماسٹرز ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان ویٹرنز ٹیم کو اپنے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈز کے ہاتھوں بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 60 سال سے زائد عمر کی کیٹیگری کے میچ میں نیدرلینڈز نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10-0 سے شکست دے دی۔
پاکستان کی ٹیم میں سابق اولمپیئنز اور ہاکی کے نامور کھلاڑی شامل تھے، تاہم تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بھی نیدرلینڈز کے خلاف گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ پاکستانی اسکواڈ میں سابق اولمپیئن شہباز سینئر، طارق شیخ، خالد حمید سمیت دیگر سابق کھلاڑی شامل ہیں۔نیدرلینڈز نے میچ کے دوران مسلسل جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کے دفاع پر دباؤ برقرار رکھتے ہوئے 10 گول اسکور کیے، جبکہ پاکستانی ٹیم پورے میچ میں گول کا کھاتا نہ کھول سکی۔
ماسٹرز ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان کو گروپ ڈی میں نیدرلینڈز، ویلز اور آئرلینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ورلڈ ماسٹرز ہاکی کے 2026 کے مقابلوں میں 60 سال سے زائد عمر کے مردوں کی کیٹیگری کے میچز اگست میں منعقد ہو رہے ہیں۔پاکستان ویٹرنز ٹیم اب اپنے اگلے میچ میں 9 اگست کو آئرلینڈ کے مدمقابل ہوگی، جبکہ گروپ مرحلے کا تیسرا میچ 11 اگست کو ویلز کے خلاف کھیلا جائے گا۔افتتاحی میچ میں بھاری شکست کے بعد پاکستان کے لیے آئندہ دونوں میچز انتہائی اہم ہوں گے، جہاں ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گروپ مرحلے میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کرے گی
