سنگاپور میں پاکستان ہائی کمیشن کے زیر اہتمام پہلی بار پاکستانی مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد پاکستانی آموں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ثقافت، روایات، مہمان نوازی اور زرعی مصنوعات کو اجاگر کرنا تھا۔
پاکستانی مینگو فیسٹیول پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کی تقریبات کا حصہ تھا۔ سنگاپور کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ذوالقرنین عبدالرحیم فیسٹیول کے مہمانِ خصوصی تھے۔فیسٹیول میں پاکستان کے معروف آموں کی اقسام چونسہ اور سنسیشن پیش کی گئیں۔ پاکستانی آموں کے بہترین ذائقے، خوشبو، ساخت اور معیار نے فیسٹیول میں شریک مہمانوں کو بے حد متاثر کیا۔پاکستانی ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے پاکستانی آموں کے بے مثال ذائقے اور اعلیٰ معیار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مینگو فیسٹیول کا مقصد سنگاپور کے عوام کو پاکستان کی ثقافت، تنوع اور مہمان نوازی سے متعارف کرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی مینگو فیسٹیول پاکستان کی ثقافت، تجارت اور کھانوں کا خوبصورت امتزاج ہے، جبکہ ایسے پروگرام دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
فیسٹیول میں سنگاپور کے حکام، سفارت کاروں، کاروباری شخصیات، میڈیا نمائندگان اور پاکستانی و سنگاپوری کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستانی آموں کے ذائقے اور معیار کے ساتھ ساتھ پاکستان کی زرعی پیداوار اور برآمدی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔مینگوفیسٹیول کے ذریعے پاکستانی زرعی مصنوعات کو سنگاپور کی مارکیٹ میں متعارف کرانے کے امکانات نمایاں ہوئے جبکہ پاکستانی آموں کی سنگاپور کو برآمدات میں اضافے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کے مواقع پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔تقریب میں پاکستان کے خوبصورت مناظر، سیاحتی مقامات اور ثقافتی ورثے پر مبنی مختصر فلم ’’سلام پاکستان‘‘ بھی پیش کی گئی، جس نے شرکاء کو پاکستان کی قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی تنوع سے روشناس کرایا۔تقریب کے اختتام پر پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔ پاکستانی مینگو فیسٹیول دونوں ممالک کے درمیان چھ دہائیوں پر محیط دوستی، تعاون اور شراکت داری کے جشن کا مظہر بن گیا۔
