امریکا میں میکسیکو سے درآمد کی گئی ہیلاپینو ہری مرچوں کی ایک مخصوص کھیپ سلمونیلا کی وبا کا سبب بن گئی، جس سے 27 ریاستوں میں 345 افراد بیمار ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق متاثرہ افراد میں سے 36 کو اسپتال منتقل کرنا پڑا، تاہم اب تک کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ مشتبہ مرچوں کی واپسی شروع کردی گئی ہے اور صارفین کو انہیں استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے سلمونیلا کی وبا کا تعلق میکسیکو کی ریاست سینالوا سے امریکا درآمد کی گئی ہیلاپینو مرچوں کی ایک مخصوص کھیپ سے سامنے آیا ہے۔
یہ مرچیں کوسٹ سٹرس ڈسٹری بیوٹرز کے ذریعے مختلف مقامات پر تقسیم کی گئی تھیں۔ وبا کی نشاندہی کے بعد کمپنی نے مشتبہ کھیپ کی واپسی کا عمل شروع کردیا ہے، جبکہ صارفین کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسی مرچیں استعمال نہ کریں جن کا تعلق متاثرہ کھیپ سے ہو،حکام نے اس وبا کے نتیجے میں اب تک 345 افراد کے بیمار ہونے کی تصدیق کی ہے، جبکہ 36 متاثرین کو طبی امداد کے لیے اسپتال داخل کرایا گیا۔ تاہم واقعے سے متعلق کسی ہلاکت کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
سلمونیلا کی علامات کیا ہیں؟
سلمونیلا ایک جراثیمی انفیکشن ہے جو آلودہ خوراک یا پانی کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوسکتا ہے اس کی عام علامات میں اسہال، پیٹ میں مروڑ یا درد، بخار، متلی اور بعض صورتوں میں الٹی شامل ہیں،زیادہ تر صحت مند افراد مناسب نگہداشت کے ساتھ اس انفیکشن سے صحت یاب ہوجاتے ہیں، تاہم کم عمر بچوں، بزرگ افراد اور کمزور مدافعتی نظام رکھنے والوں میں بیماری زیادہ سنگین شکل اختیار کرسکتی ہےایسے افراد میں پانی کی شدید کمی سمیت دیگر پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، اس لیے شدید یا مسلسل علامات کی صورت میں طبی مشورہ لینا ضروری ہے۔
