نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔
اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا دفاعی معاہدہ عالم اسلام کے اتحاد کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ہے پوری امت کی دیرینہ خواہش رہی ہے کہ عالم اسلام ملتِ اسلامیہ کے لیے متحد ہو، مکہ دفاعی معاہدہ مسلم ممالک کے دفاع، سفارتکاری، صنعت اور تجارت کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے تجویز دی کہ اس معاہدے میں وسعت لاکر قطر، ایران، انڈونیشیا، ملائشیا اور بنگلہ دیش کو بھی شامل کیا جائے تاکہ اتحاد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے، امریکی اڈے مسلم ممالک کی حفاظت کے لیے نہیں بلکہ امریکی عزائم کے تحفظ کے لیے قائم کیے گئے ہیں-
دوسری،جانب،پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ میں ہونے والے دفاعی معاہدے کی خوشی میں کراچی کی سرکاری و تاریخی عمارتوں کو برادر اسلامی ممالک کے قومی پرچموں اور خصوصی روشنیوں سے سجا دیا گیا،کراچی کی اہم سرکاری عمارتیں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے رنگوں سے جگمگا اٹھیں، سندھ اسمبلی کی عمارت پر تینوں ممالک کے قومی پرچم آویزاں کیے گئے جبکہ سندھ سیکریٹریٹ کو بھی پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے جھنڈوں کی مناسبت سے خصوصی لائٹنگ سے سجایا گیا۔
شہر کی تاریخی عمارت فریئر ہال بھی پاک سعودی ترک دفاعی معاہدے کی مناسبت سے خصوصی روشنیوں سے روشن کردی گئی، عمارت پر کی جانے والی خوبصورت لائٹنگ نے شہریوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔
