Baaghi TV

آزاد کشمیر کے عوام اپنا مینڈیٹ منتخب نمائندوں کو دے چکے ہیں، رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ فیز تھری کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد حکومت سازی کا عمل شروع ہوگا اور عوام کے مینڈیٹ سے بننے والی حکومت آزاد کشمیر کے مسائل حل کرے گی۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت نے دھرنا دینے والوں کو مناسب وقت دیا، تاہم ان کا بنیادی مقصد عوام کو حقِ رائے دہی سے روکنا تھا جو پورا نہیں ہوسکا، آزاد کشمیر کے عوام اپنا مینڈیٹ منتخب نمائندوں کو دے چکے ہیں، فیز تھری کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد حکومت سازی کا عمل شروع ہوگا اور عوام کے مینڈیٹ سے بننے والی حکومت آزاد کشمیر کے مسائل حل کرے گی۔

رانا ثنااللہ نے احتجاج کرنے والوں سے مطالبہ کیا کہ وہ احتجاج ختم کردیں خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے ذریعے نمائندے اسمبلی میں آسکتے ہیں اور منتخب حکومت جائز مطالبات اور دستیاب وسائل کے مطابق اقدامات کرے گی،انہوں نے خبردار کیا کہ ہتھیار اٹھانے، عوام کو ورغلانے اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، آزاد کشمیر کو نقصان پہنچانے یا سبوتاژ کرنے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو اپنے اقدامات کا حساب دینا ہوگا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوران بعض مقامات پر پولنگ کا عمل متاثر کرنے اور ووٹرز سے شناختی کارڈ وغیرہ چھیننے کی کوشش کی گئی، جس پر کیو آر ایف کے جوانوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کرلیاحلقہ نیلی کے 3 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ روکنے کی کوشش کی گئی، تاہم پیپلز پارٹی کے امیدوار ضیاالقمر کے کارکنوں نے مزاحمت کرتے ہوئے صورتحال سنبھال لی، حلقہ دیرپورٹ کے گاڑھا کوٹ میں ایک اہم پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا، معمولی نوعیت کے چند واقعات کے علاوہ کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور مجموعی طور پر انتخابی عمل جاری رہا۔

More posts