اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ حج 2027 کے لیے پورے عمل کو اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹل کردیا گیا ہے، جس کے تحت عازمین گھر بیٹھے حج درخواست مکمل کرنے، واجبات جمع کرانے اور دیگر مراحل سے متعلق سہولیات حاصل کرسکیں گے۔
سردار محمد یوسف کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے پاک حج ایپ اور حج پورٹل کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ نئے نظام کا مقصد عازمین کو طویل قطاروں، غیر ضروری سفری اخراجات اور انتظار سے نجات دلانا ہے۔
وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ حج 2027 کی سرکاری اسکیم کے لیے ایک لاکھ 7 ہزار 526 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ 40 روزہ لانگ حج اسکیم کا پیکیج 12 لاکھ روپے جبکہ 20 سے 25 روزہ شارٹ حج اسکیم کا پیکیج 13 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔
حج واجبات کی پہلی قسط 17 اگست سے وصول کی جائے گی اور منتخب پیکیج کی 50 فیصد رقم جمع کرانا ہوگی۔ دوسری قسط اکتوبر کے پہلے ہفتے میں طلب کی جائے گی۔ پری رجسٹریشن مکمل کرنے والے تقریباً 4 لاکھ افراد اب اپنی حج درخواستوں کا عمل آگے بڑھاسکیں گے۔
سرکاری حج اسکیم کے لیے ادائیگی کے تین ڈیجیٹل طریقے فراہم کیے گئے ہیں۔ عازمین ون لنک PSID، کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے رقم جمع کراسکیں گے، جبکہ پاک حج ایپ سے ڈیجیٹل چالان ڈاؤن لوڈ کرکے حبیب بینک کی کسی بھی برانچ میں بھی ادائیگی کی جاسکے گی۔
سردار محمد یوسف نے بتایا کہ سرکاری اسکیم میں نشستیں پہلے آئیں، پہلے پائیں کی بنیاد پر آن لائن ادائیگی کے ذریعے کنفرم ہوں گی۔ شارٹ حج اسکیم کے لیے 30 ہزار نشستیں مختص ہیں اور نشستیں مکمل ہونے کے بعد مزید ادائیگیاں روک دی جائیں گی۔
دوسری جانب نجی حج اسکیم کے لیے 71 ہزار 684 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ نجی عازمین پاک حج ایپ یا حج پورٹل کے ذریعے حکومت سے منظور شدہ 25 حج آرگنائزرز کے پیکیجز دیکھ کر انتخاب کرسکیں گے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ نجی حج اسکیم میں بھی ادائیگی صرف سرکاری ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جائے گی۔ عازمین کسی ٹور آپریٹر یا کمپنی کو براہ راست رقم جمع نہ کرائیں اور صرف وزارت مذہبی امور کے سرکاری ذرائع سے جاری ہدایات پر اعتماد کریں۔
حج 2027 کا پورا عمل ڈیجیٹل، عازمین گھر بیٹھے واجبات ادا کرسکیں گے
