شریف فارسٹ پارک کے قریب پٹرول پمپ پر ڈاکوؤں کا دھاوا، آٹھ دس ملازمین کی موجودگی میں لوٹ کرک فرار ہو گے
واردات کا مقدمہ درج ASI چوہدری ظریف جائے وقوعہ پر پہنچے شواہد اگھٹے کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش اور جلد بریک تھرو کا دعویٰ
گوجرخان (قمرشہزاد) جی ٹی روڈ شریف فارسٹ پارک کے قریب واقع نجی پٹرول پمپ پر موٹرسائیکل سوار دو مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بول کر ٹک شاپ سے ہزاروں روپے نقدی لوٹ لی، جبکہ سیکیورٹی گارڈ سے بارہ بور رائفل بھی چھین کر فرار ہوگئے۔ واردات کے وقت پٹرول پمپ پر آٹھ سے دس ملازمین موجود تھے، تاہم مسلح ڈاکو دیدہ دلیری سے واردات کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ قبل ازیں جولائی کے آخری ہفتے میں بھی جی ٹی روڈ پر ہی واقع شیل پٹرول پمپ پر بھی ڈکیتی کی دلیرانہ واردات ہو چکی ہے دو ہفتوں میں دوسری یہ ڈکیتی کی واردات ہے۔ ذرائع کے مطابق دو مسلح ملزمان موٹرسائیکل پر پٹرول پمپ پہنچے، ایک ملزم موٹرسائیکل پر باہر موجود رہا جبکہ دوسرا ٹک شاپ میں داخل ہوا اور اسلحہ کے زور پر وہاں موجود نقدی سمیٹی اور فرار ہوتے وقت سیکیورٹی گارڈ سے بارہ بور رائفل بھی چھین لی۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی ڈیوٹی پر مامور اے ایس آئی چوہدری ظریف موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد اہم شواہد اکٹھے کیے۔متاثرین کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور دستیاب شواہد کی روشنی میں ملزمان تک پہنچنے کی کوشش جاری ہے۔ پولیس حکام نے جلد اہم پیش رفت اور بریک تھرو کی امید ظاہر کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
جی ٹی روڈ پر پٹرول پمپ لٹ گیا، ڈاکو نقدی سمیت گارڈ کی رائفل بھی لے اڑے
