بنوں کے علاقے میریان میں بنوں پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) اور سیکیورٹی فورسز نے مشتبہ دہشتگرد عناصر کے خلاف مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا. فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
کارروائی کا دائرہ خانی خیل، برکزئی اور ملحقہ علاقوں تک پھیلا ہوا تھا،کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، تین میگزین اور ایک بینڈولیئر برآمد کیا گیا، جبکہ گرفتار مشتبہ افراد کے قبضے سے دو .303 رائفلیں، دو پستول اور ایک ریپیٹر گن برآمد ہوئی۔
یہ کارروائی دہشتگرد عناصر کے ممکنہ منصوبوں کو بروقت ناکام بنانے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر حکمت عملی کی عکاسی کرتی ہے، ریاست شہریوں کو تشدد، خوف اور دہشتگرد سرگرمیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے عدم تحفظ اور خلل سے محفوظ رکھنے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگرد عناصر کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان کے منصوبوں کو نقصان پہنچانے سے پہلے ناکام بنانے کے لیے فعال اور پیشگی اقدامات کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے اہلکار نہ صرف اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں بلکہ دہشتگرد تنظیموں کو دوبارہ منظم ہونے، اپنے نیٹ ورکس کو وسعت دینے اور اپنی سرگرمیوں کا دائرہ بڑھانے سے روکنے کے لیے بھی مسلسل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
