Baaghi TV

اہلیہ پیار سے گالیاں دیتی ہیں برداشت کر لیتا ہوں،گووندا

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا نے اپنی اہلیہ سنیتا آہوجا کی جانب سے ازدواجی زندگی اور ان کے مبینہ افیئرز سے متعلق دیے گئے بیانات پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں گووندا نے اپنی ذاتی زندگی اور شوبز سفر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ 34 برس کی عمر تک خود کو انتہائی معصوم سمجھتے تھے۔گووندا کا کہنا تھا کہ وہ 34 سال کی عمر تک اتنے معصوم تھے کہ اب خود بھی سوچتے ہیں کہ وہ اتنے معصوم کیوں تھے۔گووندا نے اہلیہ سنیتا آہوجا کے ساتھ اپنے تعلق اور ان کی محبت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اہلیہ ان سے بہت محبت کرتی ہیں۔اداکار نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اہلیہ انہیں اتنے پیار سے گالیاں دیتی ہیں کہ وہ انہیں بھی برداشت کر لیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ذاتی تعلقات کے حوالے سے بہت سی ایسی باتیں ہوتی ہیں جنہیں انسان دوسروں کے سامنے بیان نہیں کرسکتا، جبکہ کچھ باتیں ایسی بھی ہوتی ہیں جو ہمیشہ ان کہی رہ جاتی ہیں اور جنہیں الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سنیتا آہوجا نے ایک ریئلٹی شو میں اپنی ازدواجی زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ گووندا کی زندگی میں کئی مبینہ افیئرز رہے ہیں۔گووندا اور سنیتا آہوجا نے 1987ء میں شادی کی تھی۔ دونوں گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنی ازدواجی زندگی اور شوبز تقریبات کے باعث بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔

More posts