Baaghi TV

پنجاب میں مون سون بارشوں کا پانچواں اسپیل، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

‎پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے پانچویں اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق 12 سے 15 اگست تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔
‎پی ڈی ایم اے کے مطابق آج رات سے 15 اگست تک مری، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور لاہور میں بھی آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
‎13 اگست کی رات سے راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جبکہ 12 اگست کی رات سے سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، لیہ اور بھکر میں بھی بارش متوقع ہے۔
‎نورپور تھل، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈی جی خان کے مختلف علاقوں میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کے خدشے سے خبردار کردیا ہے۔
‎اعلامیے کے مطابق مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
‎دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت دیگر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
‎شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری احتیاطی ہدایات پر عمل کریں۔

More posts