Baaghi TV

مظفرگڑھ میں 7 ماہ کی حاملہ خاتون قتل، مفرور شوہر گرفتار

‎مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں گھر سے لاپتہ ہونے والی 7 ماہ کی حاملہ خاتون کی لاش قریبی کھیتوں سے برآمد ہونے کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق خاتون کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا اور بعد ازاں لاش کھیتوں میں پھینک دی گئی۔
‎پولیس کے مطابق خاتون 10 اگست کو اپنے گھر سے لاپتہ ہوئی تھی، جس کے بعد اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کردی۔ خاتون کے بھائی کی مدعیت میں گزشتہ روز گمشدگی کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔
‎ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ اس کا بہنوئی اکثر اس کی بہن پر شک کرتا اور مبینہ طور پر اسے تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔ 10 اگست کو جب وہ اپنی بہن سے ملنے اس کے گھر گیا تو وہ وہاں موجود نہیں تھی۔
‎مقدمے کے مطابق جب بھائی نے بہنوئی سے خاتون کے بارے میں پوچھا تو اس نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسے معلوم نہیں کہ اس کی اہلیہ کہاں چلی گئی ہے۔
‎بعد ازاں خاتون کی لاش قریبی کھیتوں سے ملی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاتون کے جسم پر تیز دھار آلے کے وار کے نشانات پائے گئے، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔
‎ڈسٹرکٹ پولیس افسر مظفرگڑھ کے مطابق قتل کے بعد مفرور ہونے والے خاتون کے شوہر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے اور قتل کے محرکات سمیت دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
‎پولیس حکام کے مطابق واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تحقیقات قانون کے مطابق آگے بڑھائی جا رہی ہیں اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے گا۔

More posts