میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں تفتیشی ٹیم نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو 4 مختلف امور سے متعلق خط لکھ دیا۔
ذرائع کے مطابق خط میں میر رضا کی اسمارٹ واچ کا فرانزک کرانے اور مقتول کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ تفتیشی ٹیم نے میر رضا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متعلق معلومات بھی طلب کی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی تفتیشی ٹیم کا دوسرا اجلاس فیروز آباد تھانے میں ہوگا، جس کے بعد ٹیم جائے وقوعہ کا دوبارہ دورہ کرے گی۔
میر رضا کے اہلخانہ کے وکیل جبران ناصر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میر رضا کی اسمارٹ واچ کئی روز تک سابق سربراہ کمیٹی کے پاس رہی اور گزشتہ روز اسے این سی سی آئی اے کے حوالے کیا گیا۔جبران ناصر کے مطابق وہ اسمارٹ واچ کا فرانزک این سی سی آئی اے سے نہیں کرانا چاہتے بلکہ اس کی فرانزک لاہور کی فرانزک لیبارٹری سے کرانے کا مطالبہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ واچ کے سربراہ کمیٹی کے پاس رہنے کے باعث اس میں ٹیمپرنگ کا امکان موجود ہے۔
