Baaghi TV

آبنائے ہرمز کی بندش: جرمن شپنگ کمپنی کو 600 ملین ڈالر کا نقصان

iran

جرمنی کی معروف شپنگ کمپنی ہاپگ لائیڈ نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث آبنائے ہرمز کی بندش سے رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں کمپنی کو تقریباً 600 ملین ڈالر کا مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

دنیا کی بڑی کنٹینر شپنگ کمپنیوں میں شمار ہونے والی ہاپگ لائیڈ نے جمعرات کو جاری اپنے مالی نتائج میں بتایا کہ اپریل سے جون کے دوران کمپنی کا خالص منافع کم ہو کر 83 ملین ڈالر رہ گیا، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں کمپنی نے 306 ملین ڈالر کا خالص منافع حاصل کیا تھا۔

کمپنی کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے نتیجے میں بحری جہازوں کو اپنے روٹس تبدیل کرنا پڑے جس سے شپنگ کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا،آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد کمپنی کو ایندھن، انشورنس، اسٹوریج، بحری راستوں کی تبدیلی اور اندرون ملک نقل و حمل سمیت مختلف اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑے۔

کمپنی کے لائنر شپنگ شعبے کا آپریٹنگ منافع بھی کم ہو کر 153 ملین ڈالر رہ گیا، جو گزشتہ سال کی دوسری سہ ماہی میں 167 ملین ڈالر تھا، ایشیا سے ہونے والی مضبوط برآمدات اور امریکا میں شپنگ کی بہتر طلب نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے ہونے والے کچھ مالی نقصانات کو کم کرنے میں مدد دی۔

آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث اس راستے کی بندش سے نہ صرف تیل اور دیگر اشیا کی ترسیل متاثر ہوتی ہے بلکہ عالمی شپنگ کمپنیوں کے لیے بھی سفر کے متبادل راستے اختیار کرنا پڑتے ہیں، جس سے وقت اور اخراجات دونوں میں اضافہ ہوتا ہے۔

More posts