گجرات میں پولیس کانسٹیبل کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق مقابلہ تھانہ صدر کھاریاں کی حدود میں کولیاں حبیب کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس ناکہ بندی کے دوران چار نامعلوم ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
پولیس نے حملے کے جواب میں فائرنگ کی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔ کارروائی کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس کی شناخت محمد شہزاد کے نام سے ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران زخمی ملزم نے اپنے تین ساتھیوں کے نام بھی بتائے۔ پولیس کے مطابق ان میں اشتہاری ملزمان شاہد اقبال، مجاہد اقبال اور زکریا بٹ شامل ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم چند ماہ قبل فائرنگ کے ایک واقعے میں پولیس کانسٹیبل کے قتل کے مقدمے میں بھی مطلوب تھا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی جبکہ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
گجرات میں کانسٹیبل کے قاتل کا پولیس مقابلے میں خاتمہ
