Baaghi TV

پٹرولیم ڈیلرز میں اختلاف، 15 اگست کی ہڑتال پر دو گروپ آمنے سامنے

‎لاہور میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین اور ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کا معاملہ سنگین صورت اختیار کرگیا ہے۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ہڑتال کے معاملے پر دو گروپوں میں تقسیم ہوگئی، جہاں ایک گروپ نے 15 اگست سے ہڑتال کا اعلان کیا ہے جبکہ دوسرے گروپ نے اس فیصلے سے لاتعلقی اختیار کرلی ہے۔
‎ایکسپریس نیوز کے مطابق پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین اور ڈیلرز مارجن میں اضافے کے مطالبات کے حق میں 15 اگست سے ہڑتال کا اعلان کیا۔ انہوں نے گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز بھی ان کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔
‎دوسری جانب سینٹرل پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت پٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کے ایک گروپ نے ہڑتال میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس گروپ کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مرکزی قیادت نے ہڑتال کے اعلان سے قبل ان کے ساتھ کوئی اجلاس یا مشاورت نہیں کی۔
‎پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نمائندوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں ہڑتال کے دورانیے اور حکمت عملی سے متعلق اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک گیر ہڑتال جیسے اہم فیصلے تمام نمائندوں کی مشاورت سے کیے جانے چاہئیں اور تنظیم کے تمام دھڑوں کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے۔
‎تاہم چیئرمین ملک خدا بخش نے اپنے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مشاورت کرنا متعلقہ کمیٹی کا کام ہوتا ہے اور یہ ممکن نہیں کہ مشاورت کا عمل نہ ہوا ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ 15 اگست کو ہڑتال ہوگی، البتہ اگر اس سے قبل حکومت کی جانب سے تحریری یقین دہانی یا مطالبات کے حل کے لیے کوئی قابل قبول پیش رفت سامنے آگئی تو صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے۔
‎پٹرولیم ڈیلرز میں اختلاف کے باعث اب یہ سوال اہم ہوگیا ہے کہ 15 اگست کو ملک بھر میں پٹرول پمپس مکمل طور پر بند ہوں گے یا مختلف صوبوں اور علاقوں میں معمول کے مطابق کاروبار جاری رہے گا۔ حتمی صورتحال کا انحصار حکومت اور ڈیلرز کے درمیان ممکنہ مذاکرات پر ہوگا۔

More posts