Baaghi TV

گیس دھماکے سے بنگلہ تباہ، ایک شخص جان کی بازی ہار گیا

‎برطانیہ کے علاقے بکنگھم شائر میں مبینہ گیس دھماکے کے نتیجے میں ایک بنگلہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا، جبکہ زخمی ہونے والا ایک شخص بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔
‎پولیس کے مطابق نیوٹن لانگ ویل گاؤں میں واقع کوب ہال روڈ پر اتوار کی صبح تقریباً 9 بج کر 45 منٹ پر دھماکے، آگ لگنے اور عمارت کے منہدم ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ، طبی عملہ اور دیگر امدادی ادارے موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو کارروائی شروع کی۔
‎حکام کے مطابق دھماکے کے بعد ایک شخص کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ مقامی رکن پارلیمنٹ کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 60 سالہ اسٹیفن ووڈورڈ کے نام سے کی گئی ہے۔
‎مقامی رکن پارلیمنٹ نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے متاثرہ شخص کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ تباہ کن واقعہ گیس دھماکے کے باعث پیش آیا، تاہم حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
Thames Valley Police اور ہیلتھ اینڈ سیفٹی ایگزیکٹو نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تفتیشی حکام عمارت کے منہدم ہونے، آگ لگنے اور دھماکے کی اصل وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
‎لیڈ تفتیشی افسر ڈیٹیکٹو انسپکٹر فلپ ٹرنر رابسن نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں پولیس کی ہمدردیاں جاں بحق شخص کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دھماکا کس وجہ سے ہوا۔
‎واقعے کے بعد علاقے میں حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے جبکہ گیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ماہرین نے بھی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک دھماکے کی حتمی وجہ کے بارے میں کوئی فیصلہ قبل از وقت ہوگا۔

More posts