Baaghi TV

کنگنا رناوت نے بھارتی جین زی کو ’جنریشن گٹر‘ کہنے کا دفاع کر دیا

kangana ranaut

بالی ووڈ اداکارہ اور بھارتی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت بھارتی نوجوانوں سے متعلق اپنے متنازع بیان کے دفاع میں سامنے آ گئی ہیں۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیان پوری جنریشن زی کے لیے نہیں بلکہ ایک مخصوص طبقے کے لیے تھا۔
بھارتی پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کنگنا رناوت نے اپنے اس بیان پر وضاحت دی جس میں انہوں نے بھارتی جین زی کے بعض افراد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ’’جنریشن گٹر‘‘ سے تشبیہ دی تھی۔ ان کے ریمارکس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا اور کئی صارفین نے اداکارہ اور سیاستدان کو نوجوان نسل کی توہین کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
‎کنگنا رناوت نے اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر کچھ لوگ خود کو کاکروچ کہتے ہیں تو پھر انہیں گٹر سے جوڑنے میں کیا غلط بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو کاکروچ نہیں سمجھتیں، اس لیے اگر کوئی انہیں گٹر سے تعلق رکھنے والا قرار دے تو وہ اس کی تردید کریں گی، تاہم جو لوگ خود اپنی شناخت کاکروچ سے کرتے ہیں، ان کے بارے میں گٹر کی تشبیہ استعمال کرنے پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
‎اداکارہ نے مزید کہا کہ ان کے الفاظ کا مقصد تمام بھارتی نوجوانوں کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔ ان کے مطابق اگر نوجوانوں کے کسی مخصوص طبقے میں منشیات، سٹے بازی، جوئے یا ڈارک ویب سے متعلق سرگرمیوں پر بات کی جائے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ پوری نسل کو ایک ہی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔
‎یہ تنازع دہلی میں ہونے والے طلبہ احتجاج کے بعد سامنے آیا، جہاں ہزاروں نوجوان امتحانی پرچے لیک ہونے اور تعلیمی اصلاحات کے مطالبات کے لیے جنتر منتر پر جمع ہوئے تھے۔ احتجاج کے دوران بعض طلبہ نے خود کو ’’کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ کے نام سے منسوب کیا تھا۔
‎بعد ازاں کنگنا رناوت نے احتجاجی مظاہروں کی ویڈیوز اور بعض طلبہ کی جانب سے استعمال کی جانے والی زبان پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایک جگہ اتنی گندگی پہلے کبھی نہیں دیکھی۔
‎کنگنا رناوت کے تازہ بیان کے بعد ان کے مؤقف پر ایک بار پھر بحث چھڑ گئی ہے، جبکہ ناقدین اور حامی دونوں سوشل میڈیا پر اپنے اپنے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔

More posts