Baaghi TV

پاکستان کا 79 واں یومِ آزادی، پاک فوج کے ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کی تقریبات

پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی کے موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی سمیت مسلح افواج کے تمام ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کی پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

تقریبات کے دوران قومی پرچم سربلند کیا گیا، جبکہ قومی ترانے کی دھن پر فضا ملی جذبے سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطنِ عزیز کے دفاع اور حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ افسران و جوانوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے پاک فوج کا ہر جوان پرعزم ہے۔یومِ آزادی کے موقع پر اپنے عہد کی تجدید کرتے ہوئے اس امر کا اظہار بھی کیا گیا کہ ملکی سلامتی، خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔یومِ آزادی تجدیدِ عہد کا دن ہے، جو قوم کو اپنے آباؤ اجداد اور شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ اس موقع پر پاک فوج نے مادرِ وطن کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔

More posts