ایران کے نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوگا، آبنائے ہرمز کو بند اور کھولنے کا اختیار صرف ایران کے پاس ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق کاظم غریب آبادی نے صدر ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کی دھمکی پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز ایران کے کنٹرول میں رہے گی اور اس سے متعلق تمام فیصلے ایران ہی کرے گا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں ایرانی نائب وزیرِ خارجہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو کسی ٹویٹ، طیارہ بردار بحری جہاز، حکم یا انتخابی تقریر کے ذریعے قبضے میں نہیں لیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کو ایک بار اور ہمیشہ کے لیے یہ حقیقت تسلیم کرلینی چاہیے کہ اسے اب تک اسٹریٹجک اور بھاری شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز ایرانیوں کی تھی، ایرانیوں کی ہے اور ایرانیوں کی ہی رہے گی، اسے بند کرنے اور کھولنے کا اختیار صرف ایران کے پاس ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک امریکا اپنی شکست کی حقیقت تسلیم نہیں کرتا اور اپنی خیالی خوش فہمیوں سے باز نہیں آتا، ایران اپنی ناکہ بندی جاری رکھے گا۔
