Baaghi TV

ہیوسٹن میں گاڑیوں پر فائرنگ، مسلح شخص پولیس کی فائرنگ سے زخمی

امریکی شہر ہیوسٹن میں گاڑیوں پر اندھا دھند فائرنگ کرنے والے مسلح شخص کو پولیس نے موقع پر پہنچ کر فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق مسلح شخص کی فائرنگ سے ماں اور بیٹی سمیت 3 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع صبح 11 بجے موصول ہوئی، جس کے بعد اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور مسلح شخص کو ہتھیار پھینکنے کی وارننگ دی۔پولیس اہلکاروں نے مسلح شخص پر متعدد گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا اور اسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے میں کوئی پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا۔عینی شاہد کے مطابق مسلح شخص سڑک کے درمیان بنے حصے پر کھڑا تھا اور سڑک پر آنے والی گاڑیوں پر فائرنگ کررہا تھا۔ عینی شاہد کا کہنا تھا کہ ملزم اس بات کی بھی پروا نہیں کررہا تھا کہ کس گاڑی کو نشانہ بنایا جارہا ہے، جبکہ بعض گاڑیوں میں بچے بھی موجود تھے۔

پولیس کے مطابق ایک گاڑی میں سوار ماں اور اس کی بیٹی جبکہ دوسری گاڑی میں سفر کرنے والا ایک شخص فائرنگ سے زخمی ہوا۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ زخمی مسلح شخص کی شناخت اور حالت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

More posts