وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو متعلقہ صوبائی اداروں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مؤثر رابطہ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی موسمیاتی صورتحال، بالخصوص مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں اور متاثرین کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو سراہا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں این ڈی ایم اے کی امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے اور متاثرین کو بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے
