Baaghi TV

ہوائی میں سمندری طوفان لالا کا خطرناک اثر، تیز ہوائیں اور موسلا دھار بارش

‎امریکی ریاست ہوائی میں کیٹیگری ون کے سمندری طوفان لالا کے اثرات شدت اختیار کر گئے ہیں، جہاں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش نے معمولات زندگی کو متاثر کر دیا۔ طوفان بگ آئی لینڈ کے جنوبی حصے کے قریب سے گزرا، تاہم اس نے براہ راست زمین سے ٹکرانے کے بجائے ساحل کے قریب سے اپنا رخ تبدیل کیا۔
‎ہوائی کے گورنر جوش گرین کے مطابق طوفان جنوبی پوائنٹ کے علاقے کے سب سے زیادہ قریب پہنچا، جہاں خراب موسم کے باعث پیش آنے والے ایک ٹریفک حادثے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
‎لالا نے ہفتے کے روز سمندری طوفان کی شدت اختیار کی، جس کے دوران ہواؤں کی رفتار 80 میل فی گھنٹہ سے بڑھ کر 91 میل فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے باعث بعض علاقوں میں 25 انچ تک بارش ہو سکتی ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں 3 فٹ تک طوفانی لہریں پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
‎طوفان کے باعث ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر جان لیوا صورتحال کے خطرے کے پیش نظر گھروں میں رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
‎نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق طوفان کی آئی وال بگ آئی لینڈ کے جنوبی حصے کے قریب سے گزری، جس کے باعث نقصان دہ ہوائیں اور شدید بارش کا سلسلہ رات بھر جاری رہنے کا امکان ہے۔ اتوار کو طوفان کے اثرات دیگر چھوٹے جزیروں تک بھی پھیل سکتے ہیں۔
‎بگ آئی لینڈ کے لیے ہریکین وارننگ جاری کر دی گئی ہے، جبکہ ماؤئی، مولوکائی، اوآہو، لانائی، کاؤائی اور دیگر بڑے جزائر میں ٹراپیکل اسٹورم وارننگ نافذ ہے۔ کئی سڑکیں زیر آب آ چکی ہیں جبکہ تیز بہاؤ اور گرے ہوئے درختوں نے آمدورفت کو بھی متاثر کیا ہے۔

More posts