Baaghi TV

سعودی عرب کی ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزے سے متعلق اہم وضاحت جاری

Hajj 2023

سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزے سے متعلق اہم وضاحت جاری کردی ہے۔

گلف نیوز کے مطابق نئے نظام کے تحت ایک سال کے لیے کارآمد متعدد بار داخلے کا ویزا رکھنے والے زائرین ہر بار اپنی مرضی سے سعودی عرب نہیں جا سکیں گے، بلکہ ہر نئے عمرہ سفر سے پہلے سروس پیکیج حاصل کرنا اور عمرہ پرمٹ لینا لازمی ہوگا۔

سعودی عرب نے جولائی میں ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرایا تھا، جو جاری ہونے کی تاریخ سے 365 دن تک کارآمد رہتا ہے،اس ویزے کے حامل اہل زائرین اس مدت کے دوران ایک سے زیادہ مرتبہ سعودی عرب میں داخل ہوسکتے ہیں،تاہم حکام کی وضاحت کے مطابق صرف ایک سالہ ویزا موجو د ہونا اس بات کی ضمانت نہیں کہ زائرین جب چاہیں سعودی عرب پہنچ جائیں، ہر مرتبہ عمرہ ادا کرنے کے لیے متعلقہ طریقہ کار مکمل کرنا ہوگا۔

نئے ضابطے کے تحت زائرین کو ہر دورے سے قبل تازہ سروس پیکیج حاصل کرنا ہوگا، جس کے بعد عمرہ پرمٹ جاری ہوگا یعنی اگر کوئی شخص ایک ہی سال کے دوران دوسری یا تیسری مرتبہ عمرے کے لیے سعودی عرب جانا چاہتا ہے تو اسے ہر نئے سفر کے لیے یہ عمل دوبارہ مکمل کرنا ہوگا۔

سعودی عرب کی جانب سے اس وضاحت کا مقصد عمرہ زائرین کے سفر اور عمرہ ادائیگی کے طریقہ کار کو واضح کرنا ہے تاکہ ویزا رکھنے والے افراد صرف ویزے کی بنیاد پر سفر کرنے کی غلط فہمی میں مبتلا نہ ہوں،اس طرح ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا زائرین کو سال کے دوران متعدد مرتبہ سعودی عرب جانے کی سہولت تو فراہم کرتا ہے، تاہم ہر دورے کے لیے سروس پیکیج اور عمرہ پرمٹ کی تازہ منظوری ضروری ہوگی۔

More posts