سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کو دل کی تکلیف کے باعث نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ زیر علاج ہیں۔ اہل خانہ کے مطابق انہیں طبیعت خراب ہونے پر فوری طور پر اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔
باسط علی کی اہلیہ نے بتایا کہ سابق کرکٹر کو انجیو پلاسٹی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان کی طبیعت پر ڈاکٹرز مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ضروری طبی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
55 سالہ باسط علی پاکستان کے نمایاں کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں اور انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے 19 ٹیسٹ میچز کھیلے، جن میں مجموعی طور پر 858 رنز اسکور کیے۔
باسط علی نے ایک روزہ کرکٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی اور 50 ون ڈے میچز میں قومی ٹیم کا حصہ رہے۔ انہوں نے اپنے ایک روزہ کیریئر کے دوران 1265 رنز بنائے۔
سابق کرکٹر کی اچانک طبیعت خراب ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد کرکٹ حلقوں اور مداحوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ باسط علی طویل عرصے تک قومی کرکٹ سے وابستہ رہے اور کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی کرکٹ پر اپنی رائے اور تجزیوں کے باعث نمایاں رہے ہیں۔
اہل خانہ کی جانب سے ان کی صحت سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ مداح سابق قومی کرکٹر کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
باسط علی دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل
