بھارتی اداکارہ اننیا راج 27 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کے اہل خانہ نے اداکارہ کی وفات کی تصدیق تقریباً ایک ماہ بعد ان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے بیان کے ذریعے کی۔
خاندان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اننیا راج 15 جولائی کی علی الصبح نیند کے دوران انتقال کر گئی تھیں۔ اہل خانہ نے بتایا کہ وہ گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے جسمانی اور ذہنی مشکلات کا سامنا کر رہی تھیں اور اس دوران اپنی مشکلات پر قابو پانے کے لیے بہادری اور مضبوط ارادے کے ساتھ مقابلہ کرتی رہیں۔
خاندان نے اداکارہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں سے ان کے لیے دعا کی اپیل کی۔ اہل خانہ نے اس مشکل وقت میں اپنی نجی زندگی اور پرائیویسی کا احترام کرنے کی بھی درخواست کی۔
اننیا راج نے ہندی اور علاقائی فلموں میں اداکاری کے ذریعے شوبز انڈسٹری میں اپنی شناخت بنائی۔ ممبئی میں پرورش پانے والی اداکارہ نے اپنے فنی سفر کا آغاز فلموں اور میوزک ویڈیوز سے کیا اور بعد ازاں مختلف فلمی منصوبوں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
انہوں نے 2016 میں فلم 7 آورز ٹو گو کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ اس کے بعد وہ 2017 میں فلم دی فائنل ایگزٹ اور 2019 میں گھوسٹ میں بھی نظر آئیں۔
اننیا راج نے ہندی فلموں کے علاوہ تیلگو اور دیگر زبانوں میں بننے والے فلمی منصوبوں میں بھی کام کیا۔ ان کی موت کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز حلقوں اور مداحوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر مداح انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
بھارتی اداکارہ اننیا راج 27 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں
