Baaghi TV

مسلم لیگ ن کے وفد کی بیرسٹر گوہر سے تعزیت

‎اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن کا ایک وفد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کی رہائش گاہ پہنچا، جہاں وفد نے ان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی۔
‎وفد میں وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے دیگر اہم رہنما بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران اسحاق ڈار اور وفد کے اراکین نے بیرسٹر گوہر سے ان کی والدہ کے انتقال پر دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومہ کے لیے دعا بھی کی۔
‎وفد میں رانا ثنااللہ، سینیٹر انوشہ رحمان، طارق فضل چوہدری اور دیگر رہنما شامل تھے۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے بیرسٹر گوہر اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
‎اس موقع پر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے خصوصی طور پر وفد بھیج کر یہ پیغام دیا ہے کہ سیاسی اختلافات صرف سیاسی میدان تک محدود ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی دکھ اور غم کے موقع پر سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا انسانی اور قومی روایت ہے۔
‎تعزیتی ملاقات کو ملکی سیاست میں ایک مثبت اشارے کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے، جہاں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی اختلافات کے باوجود اہم شخصیات نے ایک دوسرے کے دکھ میں شریک ہونے کی روایت کو برقرار رکھا۔
‎بیرسٹر گوہر علی خان نے مسلم لیگ ن کے وفد کی آمد اور تعزیت پر شکریہ ادا کیا۔ وفد نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔

More posts