ملکہ ہانس میں بابا محمد شہباز قادری میموریل آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام سالانہ ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے معروف شعراء، ادباء، مصنفین اور صحافیوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ادب، صحافت اور مثبت سماجی خدمات کے اعتراف میں نمایاں شخصیات کو مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔
سالانہ ایوارڈ تقریب الرئیس مارکی، ملکہ ہانس میں منعقد ہوئی۔ آرگنائزیشن کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ منصب علی وٹو نے ملک بھر سے آنے والے معزز مہمانوں کا استقبال پھولوں کے گلدستے پیش کرکے کیا۔ تقریب میں شریک شعراء، ادباء، مصنفین اور صحافیوں نے اپنی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز وصول کیے۔تقریب کے مہمانانِ اعزاز اکبر علی شاہد، لطیف بھٹی، شبیر احمد بھٹی، شان رضا چدھڑ، محمد عرفان وٹو، عبداللہ مصطفیٰ ڈھڈی اور شہزاد ڈوگر سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی، جس سے تقریب کی رونق میں مزید اضافہ ہوا۔اس موقع پر معروف ادیب شبیر احمد بھٹی نے اپنی کتاب "تیرہواں ستارہ” کا ایڈیشن بھی تقریب کے شرکاء میں تقسیم کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانانِ خصوصی نے نوجوان لکھاری اور آرگنائزیشن کے بانی منصب علی وٹو کی ادبی خدمات کو سراہا۔ مقررین نے ادب سے ان کی محبت، لگن اور انتھک محنت کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مختصر عرصے میں ادب و ثقافت کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔
صحافت کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے صحافیوں کو ستارۂ ادب ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر باغی ٹی وی کی نورفاطمہ کو بھی صحافتی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ پیش کیا گیا۔تقریب کے دوران بانی و سرپرستِ اعلیٰ منصب علی وٹو کو برج میڈیا، یونائیٹڈ اسٹیٹس آف امریکہ کی جانب سے انٹرنیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ادب، صحافت اور مثبت سماجی خدمات کے فروغ اور حوصلہ افزائی کے لیے ایوارڈز کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسی تقریبات نہ صرف اہلِ قلم اور صحافیوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں بلکہ نوجوان نسل کو بھی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ بانی و سرپرستِ اعلیٰ منصب علی وٹو نے ملک بھر سے آنے والے تمام معزز مہمانوں، شعراء، ادباء، مصنفین اور صحافیوں کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کو کامیاب بنانے پر ان کی شرکت کو سراہا
