Baaghi TV

نو مئی جلاؤ گھیراؤ کیس، حافظ فرحت عباس اور دیگر کی عبوری ضمانت میں 5 ستمبر تک توسیع

jinnah

لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے نو مئی کے واقعات کے دوران جناح ہاؤس سمیت جلاؤ گھیراؤ سے متعلق چار مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں حافظ فرحت عباس، علی امتیاز وڑائچ اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 5 ستمبر تک توسیع کر دی۔

اے ٹی سی لاہور کے جج منظر علی گل نے ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت حافظ فرحت عباس، اویس یونس سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی عبوری ضمانت میں توسیع کی استدعا کی۔سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کے لیے مزید مہلت طلب کی گئی۔ پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمات کا مکمل ریکارڈ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے پراسکیوشن کو آئندہ سماعت پر مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

ملزمان کے خلاف نو مئی کے پرتشدد واقعات کے دوران توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور دیگر الزامات کے تحت مقدمات درج ہیں۔ ان مقدمات میں لاہور کے جناح ہاؤس، شیر پاؤ پل سمیت دیگر مقامات پر پیش آنے والے واقعات شامل ہیں۔عدالت کی جانب سے آئندہ سماعت پر مقدمات کا ریکارڈ طلب کیے جانے کے بعد ملزمان کی عبوری ضمانتوں کے معاملے پر مزید کارروائی 5 ستمبر کو ہوگی۔

More posts