یونان کے سیاحتی جزیرے سیفنوس میں ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں ہنی مون پر جانے والا برطانوی نوبیاہتا جوڑا اور یونانی پائلٹ جاں بحق ہوگئے۔
حادثہ 17 اگست کی شام تقریباً 6 بج کر 15 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب بیل 206 ہیلی کاپٹر جزیرے سیفنوس میں لینڈنگ کے قریب تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق ہیلی کاپٹر فضا میں بے قابو ہوکر گھومتا دکھائی دیا، جس کے بعد وہ تیزی سے نیچے آیا اور ہیلی پیڈ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے سیاہ دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دیکھے گئے۔حادثے میں ہلاک ہونے والے برطانوی جوڑے کی شناخت الیگزینڈر کرومی اور میری ایبرٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کی عمر 30 برس کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے اور وہ لندن میں مقیم تھے۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے اپنے ہنی مون کے لیے نجی ہیلی کاپٹر کرائے پر لیا تھا اور ایتھنز کے قریب مارکوپولو کے علاقے سے سیفنوس جا رہے تھے۔
ہیلی کاپٹر کے یونانی پائلٹ 55 سالہ جارجیوس رائکوس بھی حادثے میں جان سے گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق وہ سابق یونانی فضائیہ کے افسر تھے اور فوجی چنوک ہیلی کاپٹر اڑانے کا تجربہ رکھتے تھے۔قریب نصب سیکیورٹی کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیلی کاپٹر فضا میں قابو کھوتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ اس کی دم کے گرد چکر لگاتے ہوئے وہ اچانک تیزی سے نیچے گرتا ہے اور ایک عمارت کے پیچھے غائب ہوجاتا ہے، جبکہ ٹکر کے وقت ہیلی کاپٹر کے ٹکڑے ہوا میں بکھرتے دکھائی دیتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق پائلٹ نے لینڈنگ کی تیاری کے بارے میں متعلقہ سروس کو اطلاع دی تھی، تاہم اس کے بعد اچانک رابطہ منقطع ہوگیا۔ مقامی رہائشیوں نے حادثے سے کچھ دیر قبل ہیلی کاپٹر سے غیر معمولی آواز سننے کی اطلاع بھی دی۔
سیفنوس کے ڈپٹی میئر مانیولس فونٹولاکس کے مطابق رہائشیوں نے ہیلی کاپٹر سے عجیب اور انتہائی بلند آواز سننے کی اطلاع دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر فضا میں ہیلی کاپٹر کو مکینیکل خرابی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم حادثے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تینوں افراد ہلاک ہوئے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی گھر متاثر نہیں ہوا اور کسی دوسرے شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ حادثے کی تحقیقات نیشنل آرگنائزیشن فار دی انویسٹی گیشن آف ایئر اینڈ ریلوے ایکسیڈنٹس اینڈ ٹرانسپورٹ سیفٹی کی نگرانی میں جاری ہیں۔سیفنوس یونان کے سائیکلیڈز جزائر کا حصہ اور موسم گرما میں سیاحوں کا ایک مقبول مقام ہے۔
