Baaghi TV

ماحولیاتی تحفظ کے لیے پارلیمان اور سول سوسائٹی کے مشترکہ اقدامات پر زور

اسلام آباد: قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے چیئرمین ڈاکٹر محمد فاروق ستار، ایم این اے، اور ان کی اہلیہ، معروف ماحولیاتی ماہر اور صبحِ نو کی چیئرپرسن محترمہ شاہدہ کوثر فاروق نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران فریقین نے ماحولیاتی تحفظ، قدرتی وسائل کے تحفظ اور ماحولیاتی شعور کے فروغ کے لیے فعال، مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی اختیار کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار طرزِ عمل کے لیے قومی اسمبلی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس 2016 سے شمسی توانائی پر چل رہا ہے، جس کے باعث یہ دنیا کی پہلی پارلیمنٹ ہے جو مکمل طور پر صاف اور ماحول دوست توانائی سے چلتی ہے۔

محترمہ شاہدہ کوثر فاروق نے اسپیکر کو صبحِ نو کے اغراض و مقاصد اور ماحولیاتی تحفظ، عوامی صحت، ماحولیاتی آگاہی، کمزور طبقات کی معاونت اور بالخصوص ٹینس کے فروغ کے لیے ادارے کی طویل عرصے سے جاری خدمات سے آگاہ کیا۔چیئرپرسن صبحِ نو نے پاکستان کی پارلیمنٹ کو دنیا کی پہلی گرین پارلیمنٹ بنانے کے لیے اسپیکر سردار ایاز صادق کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے اسپیکر آفس کی ڈیجیٹلائزیشن اور قومی اسمبلی کو پیپر لیس نظام کی جانب منتقل کرنے کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات قدرتی وسائل کے تحفظ، آپریشنل اخراجات میں کمی اور ماحول کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گے۔محترمہ شاہدہ کوثر فاروق نے ملاقات کے موقع پر صبحِ نو کی ایک اشاعت بھی اسپیکر قومی اسمبلی کو بطور یادگاری تحفہ پیش کی۔

سردار ایاز صادق نے ماحولیاتی تحفظ، عوامی بہبود اور ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے لیے صبحِ نو کی خدمات کو سراہتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اور مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

More posts