کراچی میں جاں بحق نوجوان تاجر میر رضا علی کے والدین نے انصاف کے حصول کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ سندھ اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے کیس کی تحقیقات کی براہ راست نگرانی کا مطالبہ کیا ہے۔
مقتول کے والدین نے اپنے قانونی مشیر جبران ناصر کے ذریعے اعلیٰ حکام کو درخواست ارسال کی، جس میں موجودہ تفتیشی ٹیم کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نئی تفتیشی ٹیم واقعے کے نئے اور اصل شواہد تلاش کرنے کے بجائے مبینہ طور پر سابقہ تفتیش ہی کے گرد گھوم رہی ہے، جبکہ دانستہ قتل کو خودکشی قرار دینے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔
والدین نے تحقیقات کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں، شواہد سے نامناسب برتاؤ اور تفتیش میں موجود خامیوں پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔
درخواست میں وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار، آئی جی سندھ، موجودہ تفتیشی ٹیم کے ذمہ داران، ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار سمیت دیگر پولیس افسران کے خلاف مبینہ غفلت اور تفتیشی کوتاہیوں پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مقتول کے والدین نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ کیس میں فوری مداخلت کرتے ہوئے شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات یقینی بنائی جائیں تاکہ میر رضا کی موت کے اصل حقائق سامنے آسکیں اور اہل خانہ کو انصاف مل سکے۔
میر رضا قتل کیس: والدین کا موجودہ تفتیشی ٹیم پر عدم اعتماد، وزیر اعظم سے مداخلت کی اپیل
