Baaghi TV

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کانگو کے چیف آف ڈیفنس کی ملاقات، اہم پیش رفت

راولپنڈی: کانگو کی مسلح افواج کے اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کانگو کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلامبو جولز کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد جی ایچ کیو پہنچا، جہاں پاک فوج کے تینوں سروسز کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و جمہوریہ کانگو کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

دونوں جانب سے پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان طویل عرصے سے قائم دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو وسیع اور مضبوط بنانے کیلئے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط بھی کیے گئے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط کو مزید فروغ دینے اور باہمی تعاون کے نئے شعبے تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

کانگو کے چیف آف ڈیفنس نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل استعداد کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے ان کے کردار اور عزم کی تعریف کی۔

انہوں نے دفاعی شعبے میں مقامی پیداوار، خود انحصاری اور جدید دفاعی صلاحیتوں کے حصول کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے کی جانے والی پیش رفت کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

More posts