اسلام آباد : جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر اپوزیشن اتحاد کا پہلا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان کی میڈیا سے گفتگو بھی جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سمیت پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، عامر ڈوگر، خیبرپختونخوا تحریک انصاف کے صدر جبیب اکبر، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سینیٹر دلاور اور شاہد خٹک بھی شریک ہوئے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے کامران مرتضیٰ اور مولانا عبد الواسع سمیت دیگر رہنماؤں نے اجلاس میں شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کی اسپتال اور جیل منتقلی کے معاملے پر حکومتی رویے، موجودہ سیاسی صورتحال اور اپوزیشن جماعتوں کی آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ سیاسی لائحہ عمل اور مستقبل میں حکومت کے خلاف پارلیمانی و سیاسی کردار سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان کیا تھا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پہلی ملاقات میں اپوزیشن اتحاد کے قیام پر اتفاق ہوا ہے، تاہم آئندہ کے لائحہ عمل اور مشترکہ حکمت عملی کے حوالے سے مزید مشاورت جاری رہے گی۔
