کراچی: پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر و ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی قیادت میں اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی وفد نے کراچی کے تاریخی سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل چرچ کا خصوصی دورہ کیا۔ وفد میں ہیڈ آف یونائیٹڈ نیشنز ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر آفس پاکستان افکے بوٹس مین اور سندھ کے صوبائی کوآرڈینیٹر عمران خان لغاری بھی شامل تھے۔
چرچ انتظامیہ کی خصوصی دعوت پر ایم پی اے اور پارلیمانی سیکریٹری برائے اقلیتی امور رومہ مشتاق مٹو نے بھی وفد کے ہمراہ دورے میں شرکت کی۔ سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل کے فادرز اور انتظامیہ نے اقوام متحدہ کے وفد اور رومہ مشتاق مٹو کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران چرچ کے فادرز نے وفد کو سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل کی تاریخی اور مذہبی اہمیت، مسیحی برادری کے لیے اس کی خدمات اور مختلف فلاحی، سماجی اور کمیونٹی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔ وفد کو چرچ کی جانب سے مذہبی و سماجی خدمات اور معاشرے میں مثبت کردار کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر رومہ مشتاق مٹو نے اقوام متحدہ کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، بین المذاہب احترام، رواداری اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب اور برادریوں کے درمیان مکالمے، احترام اور برداشت کو فروغ دے کر معاشرے میں امن اور بھائی چارے کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔
رومہ مشتاق مٹو نے انسانی بہبود، پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز، قدرتی آفات سے نمٹنے اور معاشرے کے کمزور طبقات کی معاونت کے لیے اقوام متحدہ کی خدمات کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت، اقوام متحدہ، مذہبی اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان مؤثر تعاون سے عوامی فلاح، سماجی ترقی اور شمولیت کے عمل کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل کے دورے اور پرتپاک استقبال پر چرچ کے فادرز، انتظامیہ اور رومہ مشتاق مٹو کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری، سماجی شمولیت اور انسانی ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران اقلیتوں کی فلاح و بہبود، بین المذاہب ہم آہنگی، انسانی ترقی، سماجی شمولیت اور کمیونٹی کی سطح پر تعاون سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مختلف مذہبی اور سماجی برادریوں کے درمیان باہمی احترام اور تعاون کو فروغ دینا ایک پرامن اور جامع معاشرے کے قیام کے لیے انتہائی اہم ہے۔
دورہ خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر پاکستان میں امن، رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور مختلف مذہبی برادریوں کے درمیان باہمی احترام و تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
