Baaghi TV

شوہر نے ملازم اور والد کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کردیا، لاش باتھ روم سے برآمد

راولپنڈی کے علاقے لال کرتی میں شوہر نے مبینہ طور پر گھریلو ملازم اور اپنے والد کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کردیا، مقتولہ کی لاش گھر کے باتھ روم سے برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سول لائنز کی حدود میں پیش آیا، جہاں 9 ماہ قبل شادی ہونے والی خاتون حنا کو مبینہ طور پر قتل کیا گیا۔ پولیس نے قتل کے الزام میں مقتولہ کے شوہر اور گھریلو ملازم کو گرفتار کرلیا ہے۔مقدمے کے مدعی کے مطابق مقتولہ کے ہاتھ پیچھے کی جانب بندھے ہوئے تھے جبکہ منہ پر کپڑا بھی بندھا تھا۔ مدعی کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے سسر کی کال موصول ہونے پر وہ گھر پہنچا تو بہن کی لاش باتھ روم میں پڑی تھی۔ ملزمان نے مبینہ طور پر قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔مقتولہ کے بھائی نے الزام عائد کیا کہ اس کا شوہر پہلے بھی بہن کو اذیت دیتا رہا ہے۔ اس نے بتایا کہ ملزم کی یہ دوسری شادی تھی جبکہ اس کی پہلی بیوی طلاق لے چکی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ حنا کا پوسٹ مارٹم کرایا جاچکا ہے اور رپورٹ کا انتظار ہے۔ جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔متاثرہ خاندان نے مقتولہ کے سسر اصغر علی کو بھی گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اہلخانہ کے مطابق مقتولہ کے سسر کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے تاہم انہیں تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔ خاندان نے امید ظاہر کی ہے کہ پنجاب پولیس واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے قانون کے تمام تقاضے پورے کرے گی۔

More posts