Baaghi TV

ڈی جی خان،قبرستانوں میں صفائی آپریشن، جنگلی جھاڑیوں کی کٹائی جاری

ڈیرہ غازی خان () وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام پر بھرپور عملدرآمد جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد کی سخت اور واضح ہدایات پر ستھرا پنجاب کے ورکرز شہر کے مختلف قبرستانوں میں خصوصی صفائی آپریشن میں مصروفِ عمل ہیں۔

صفائی آپریشن کے دوران قبرستانوں میں اُگنے والی جنگلی جھاڑیوں، خودرو پودوں اور غیر ضروری گھاس کی کٹائی کی جا رہی ہے، جبکہ قبرستانوں کے مختلف حصوں سے کوڑا کرکٹ اور دیگر آلائشیں بھی اٹھائی جا
رہی ہیں۔

ستھرا پنجاب کے ورکرز افسران کی نگرانی میں قبرستانوں کی صفائی و ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری کے دوران صاف ستھرا اور بہتر ماحول میسر آسکے۔

ڈپٹی کمشنر عثمان خالد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ صفائی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہ کی جائے اور قبرستانوں سمیت شہر کے تمام اہم مقامات پر صفائی کے معیار کو برقرار رکھا جائے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کا مقصد نہ صرف شہروں کو صاف ستھرا رکھنا ہے بلکہ عوام کو ایک صاف، صحت مند اور خوبصورت ماحول فراہم کرنا بھی ہے۔

More posts